منگلورو 4 / ستمبر (ایس او نیوز) منگلورو کے سومیشور ساحل پر دیر رات گئے سیر کرنے والی پانچ ڈاکٹروں کی ٹیم میں شامل ایک نوجوان ڈاکٹر کی سمندر میں غرقابی کی وجہ سے موت واقع ہوگئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مہلوک کی شناخت ڈاکٹر اشیک گوڈا (30 سال) کے طور پر کی گئی ہے جو بنگلورو کے رام نگر کا رہنے والا تھا اور شہر کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں سرجن کی خدمات انجام دے رہا تھا ۔ کل دیر رات کو ڈاکٹر اشیک ، ڈاکٹر پردیش اور انٹرن شپ کر رہی تین لیڈی ڈاکٹرس سومیشور ساحل پر سیر کے لئے گئے تھے ۔ سمندر کے کنارے پر ٹہلتے ہوئے ڈاکٹر پردیش کا پیر پھسل گیا اور وہ سمندر میں گر گیا ۔ اس کی چیخیں سننے کے ساتھ ڈاکٹر اشیک چٹان پر سمندر میں جھانکنے لگا اور پیر پھسلنے کی وجہ سے سمندر میں گر گیا ۔ ڈاکٹر پردیش ایک چھوٹی سی چٹان پکڑتے ہوئے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا مگر ڈاکٹر اشیک سمندر میں غرقاب ہوگیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ فائر بریگیڈ اور الال پولیس نے صبح کی اولین ساعتوں تک ڈاکٹر اشیک کو سمندر میں تلاش کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے ۔ پھر آج علی الصبح ساحل پر ڈاکٹر اشیک کی لاش بازیافت ہوئی ۔ الال پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرلیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔